پی ڈی ایم کا ایجنڈا ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنا ہے، عوام ترقی چاہتے ہیں، افراتفری نہیں:عثمان بزدار

لاہور7 دسمبر:  وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی جس میں لاہور شہر کی ترقی اور شہریوں کو مزید سہولتیں دینے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ منتخب نمائندوں  نے شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے تجاویز دیں۔ اراکین اسمبلی نے لاہور کی ترقی اور شہریوں کی سہولت کے لئے میگا پراجیکٹس کے اعلان پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے تشکر کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ لاہور کے لئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کر رہے ہیں۔ لاہور کے شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر ضروری اقدام اٹھائیں گے۔ منتخب نمائندوں کے مشاور ت سے عوامی مسائل حل کریں گے اور لاہور کے شہریوں کو ان کا حق دے کر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا ایجنڈا ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنا ہے۔ عوام ترقی چاہتے ہیں، افراتفری نہیں۔ بدقسمتی سے اپوزیشن کا ٹولہ ملکی مفادات کو فراموش کرچکا ہے اور رسوائی ان عناصرکا مقدر ہے۔ منفی سیاست کا جواب عوام کی خدمت سے دیں گے۔ زندہ دلان لاہور کو کرپٹ ٹولہ گمراہ نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندے عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزراء راجہ بشارت، میاں اسلم اقبال، ڈاکٹر یاسمین راشد،مراد راس،اراکین اسمبلی کرامت کھوکھر، نذیر چوہان، ندیم بارا،تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری اور گڈ گورننس کمیٹی کے اعجاز منہاس شامل تھے۔ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Social Media Auto Publish Powered By : XYZScripts.com