پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد4 ہزار سے تجاوز کرگئی

لاہور(ویب ڈیسک)ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 4 ہزار 4 ہوگئی جبکہ مزید 3 ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی تعداد 54 ہوگئی۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اب تک کورونا کے 39 ہزار 183 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ پنجاب میں 2004، سندھ میں 986، خیبر پختونخوا میں 500، گلگت بلتستان میں 211، بلوچستان میں 202، اسلام آباد میں 83 جبکہ آزاد کشمیر میں 18 کورونا وائرس کے مریض سامنے آ چکے ہیں۔اب تک سندھ میں 17، پنجاب میں 15، خیبرپختونخوا میں 17، اسلام آباد اور بلوچستان میں ایک، ایک جبکہ گلگت بلتستان میں 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ کرونا وائرس میں مبتلا 17 افراد کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 429 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ اب تک کورونا وائرس کے 2004 کیسز سامنے آئے ہیں، اس وقت ہمارے پاس روزانہ 3100 ٹیسٹ کرنے کی استعداد ہے، جلد ہی 8 مزید لیبارٹریاں کام شروع کر دیں گی، نئی لیبارٹریوں کے فعال ہونے سے روزانہ 5 ہزار ٹیسٹ ہوسکیں گے۔عثمان بزدار کا کہنا تھا قرنطینہ سے ہی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکتا ہے، ہم وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔وائرس صوبے کے 28 شہروں تک پھیل گیا۔ 2004 مریضوں میں سے 667 زائرین قرنطینہ مراکز میں ہیں، 536 تبلیغی جماعت کے ارکان ہیں، متاثرہ قیدیوں کی تعداد 49 ہے۔ 666 عام شہری بھی وائرس سے متاثر ہیں۔اس طرح ڈی جی خان میں 213 زائرین، ملتان میں 449 زائرین، فیصل آباد میں 5 زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔
رائے ونڈ مرکز میں 404، منڈی بہاؤالدین میں 3، سرگودھا 16، وہاڑی 14، راولپنڈی میں 6، جہلم میں 10 تبلیغی ارکان میں تصدیق ہوئی ہے۔لاہور میں کورونا کے 293، ننکانہ 13، قصور 8، شیخوپورہ 1، راولپنڈی 58، جہلم 30، اٹک 1، گوجرانوالہ 32، سیالکوٹ 17، نارووال 6، گجرات میں 93 شہریوں میں تصدیق ہوئی۔ حافظ آباد 6، منڈی بہاؤالدین 14، ملتان 4، وہاڑی 13، فیصل آباد 21، چنیوٹ 6، رحیم یار خان 3، سرگودھا میں 6، میانوالی 3، خوشاب 1، بہاولنگر 9، بہاولپور 3، لودھراں 3، ڈی جی خان 18، لیہ اور اوکاڑہ میں ایک ایک مریض کی تصدیق ہوئی۔میو ہسپتال میں کورونا سے غیر ملکی مریض جاں بحق ہوگیا، تبلیغی جماعت کا 73 سالہ عبدالباب کرغزستان کا رہائشی تھا۔ محکمہ صحت کے مطابق لاہور میں 7، راولپنڈی میں 4، رحیم یار خان، جہلم، فیصل آباد اور گجرات میں ایک، ایک مریض کا انتقال ہوا جبکہ اب تک صوبے میں 25 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔ریلوے کے ملازمین بھی وائرس سے متاثر ہونے لگے، ریلوے لاہور میں کام کرنے والے باپ اور بیٹے میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ کمشنر لاہور ڈویژن کے مطابق لاہور ڈویژن میں کورونا کے مشتبہ کیسز کی تعداد 1089 ہے۔ لاہور میں یہ تعداد 1001، قصور 35، شیخوپورہ 19، ننکانہ میں 34 مریض ہیں۔

سندھ
سندھ میں کورونا کے وار روکنے کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، صوبے میں نئے مریض سامنے آگئے جبکہ 2 افراد جاں بحق ہوگئے، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 986 ہوگئی، اس طرح جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 17 ہوگئی۔ترجمان صوبائی حکومت مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ اب تک صوبے میں 9 ہزار 589 ٹیسٹ کیے گئے جس میں 986 مثبت آئے اور 253 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔وزیر اعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم تیاری کے حساب سے بہتر جا رہے ہیں، ایکسپو سنٹر کے قریب اگر ہوٹل ہے تو ایک ماہ کی بکنگ کر کے ڈاکٹرز کے لیے رہائش کا بندوبست کیا جائے اور ہر ڈاکٹر کو الگ روم فراہم کیا جائے۔ اگر جلد لاک ڈاؤن کر دیا جاتا تو ملک بھر میں وائرس کے پھیلاؤ اور قیمتی جانوں کو بچایا جا سکتا تھا۔محکمہ صحت سندھ نے کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تدفین کے لیے ہدایات جاری کر دیں۔ جس میں کہا گیا ہے کہ متوفی کو ہاتھ نہیں لگایا جائے اور جو آخری رسومات ادا کریں وہ فاصلہ برقرار رکھیں۔ ہسپتال میں میت کے کپڑئے تلف کر دیے جائیں جبکہ جگہ کو جراثیم سے پاک کیا جائے۔ کراچی میں کورونا سے سکن سپیشلسٹ ڈاکٹر عبدالقادر سومرو انتقال کر گئے۔

خیبر پختو نخوا
محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبہ بھر میں کورونا کے 85 نئے کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبہ میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 500 ہوگئی ہے، 10 کیسز ریکارڈ میں شامل نہیں ہوئے تھے ان کو بھی شامل کر دیا گیا ہے۔اب تک سب سے زیادہ پشاور میں 105 جبکہ مردان میں 100 کیسز رپورٹ ہوئے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے نئے کیسز میں بنوں 2، بونیر اور ایبٹ آباد سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا، پشاور سے 23 نئے کیسز، سوات 7، مردان 3، کرک ایک، چارسدہ 4، ڈیرہ اسماعیل خان سے ایک کیس، مہمند 1، کوہاٹ 15، خیبر 1، دیر لوئر 6، دیر اپر 14 اور شمالی وزیرستان سے 3 کیس رپورٹ ہوئے۔صوبے میں مشتبہ مریضوں کی تعداد 1264 ہوگئی ہے، اب تک 1252 افراد کا کورونا ٹیسٹ کیا جاچکا ہے جبکہ 69 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

بلوچستان
بلوچستان میں بھی کورونا کے مزید 10 کیسز سامنے آگئے۔ صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ صوبے میں متاثرین کی تعداد 202 ہوگئی۔ لیاقت شاہوانی کے مطابق آج 126 ٹیسٹ کی رپورٹس موصول ہوئی ہیں، 120 منفی نتائج سامنے آئے، جس کے بعد تمام متاثرین کو ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔بلوچستان حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتوں کی توسیع کر دی۔ کوئٹہ ڈسٹرکٹ جیل میں ایک قیدی میں وائرس کی تشخیص ہوگئی۔

گلگت بلتستان
گلگت بلتستان (جی بی) میں کورونا کے وار جاری ہیں، جی بی میں 5 نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 211 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد
اسلام آباد میں بھی 5 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 83 تک پہنچ گئی۔ بپمز ہسپتال میں گزشتہ 20 دن سے زیر علاج کورونا کی 40 سالہ خاتون مریضہ شبنم جاں بحق ہوگئی۔ یہ اسلام آباد میں ہونیوالی پہلی موت ہے۔ مذکورہ خاتون برطانوی ایئر لائن میں ملازم تھی۔ خاتون کے خاوند میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی تھی تاہم وہ صحت یاب ہو کر گھر چلے گئے۔

آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں بھی مزید 3 مریض سامنے آگیا جس سے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 18 ہوگئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Social Media Auto Publish Powered By : XYZScripts.com