اداکارہ سشمیتا سین کی سورۃ العصر پڑھنے کی ویڈیونے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی

لاہور: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ اور سابق مس یونیورسٹی اداکارہ سشمیتا سین کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ پسند کیا جارہا ہے جس میں وہ سورۃ العصر پڑھتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سشمیتا سین نے اپنے لاکھوں مداحوں کو اس وقت خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا جب سوشل میڈیا پر لائیو چیٹ سیشن کے دوران انہوں نے قرآن پاک کی سورۃ العصر پڑھی۔ سشمیتا سین نے سورۃ العصر سے پہلے بسم اللہ پڑھی اس کے بعد سورۃ العصر پڑھی۔

انسٹاگرام پر لائیو چیٹ سیشن کے دوران سشمیتا سین کی بیٹیاں اور ان کے دوست بھی موجود تھے اور سشمیتا سین کی ایک بیٹی نے بھی اپنی والدہ کے ساتھ سورۃ العصر پڑھی۔اسی سیشن کے دوران مداح نے سشمیتا سین سے پاکستان آنے سے متعلق سوال پوچھا اور کہا ہم آپ کا انتظار کررہے ہیں تو اداکارہ نے جلد ہی پاکستان آنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امید کرتی ہوں جلد آؤں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تین بار کراچی آچکی ہوں اور تینوں بار بے حد محبت ملی تھی۔ تاہم اس دورے کو بہت لمبا عرصہ گزر چکا ہے۔

یاد رہے یہ پہلی بار نہیں ہے جب سشمیتا سین نے سورۃ العصر کی تلاوت کی ہو اس سے قبل 2017ء میں شارجہ میں تقریب کے دوران صحافی نے سشمیتا سین سے کہا تھا کہ آپ پاکستان اور بھارت میں امن کے لیے کیا پیغام دینا چاہیں گی؟ جس کے جواب میں اداکارہ سشمیتا نے قرآن پاک کی سورۃ العصر کی تلاوت کرکے تقریب میں موجود تمام لوگوں کو حیران کر دیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Social Media Auto Publish Powered By : XYZScripts.com