کورونا وائرس؛ سعودی عرب نے پاکستانیوں پر پابندی لگا دی

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد سعودی عرب نے پاکستانیوں کو جاری عمرہ ویزے منسوخ کردیے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 کیسز کی تصدیق ہوگئی ہے۔ ایک مریض کراچی اور دوسرا اسلام آباد میں ہے اور یہ دونوں افراد ایران سے واپس آئے تھے۔ ادھر سعودی عرب نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر عمرہ زائرین کے داخلے پر عارضی پابندی لگادی ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب نے پاکستانیوں کو جاری عمرہ ویزے منسوخ کردیے ہیں جس کے نتیجے میں کراچی، سیالکوٹ اور اسلام آباد سے جدہ اور مدینہ جانے والی پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں۔ یہ پابندی آج سے ہی نافذ ہوگئی ہے اور اسلام آباد ایئرپورٹ پر غیر ملکی فضائی کمپنی نے 90 عمرہ زائرین کو پرواز سے اتاردیا (آف لوڈ کردیا) ہے۔ یہ عمرہ زائرین غیر ملکی پرواز ای وائی 232 سے سعودی عرب جا رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق وزٹ ویزہ والے مسافر بھی سعودی عرب نہیں جا سکیں گے اور صرف بزنس ویزہ یا اقامہ رکھنے والے ہی جاسکیں گے۔
ایوی ایشن ڈویژن نے پی آئی اے اور دیگر ایئر لائنز کو ہدایات جاری کردی ہیں جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن کچھ دیر بعد جاری کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے عمرہ ویزے پر جانے والوں کے متعلق نئے احکامات پر عملدرآمد کیاجا رہا ہے۔ کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق کے بعد پاکستان بھر میں خوف کی فضا ہے۔ محکمہ صحت نے حالیہ چند روز کے دوران ایران سے واپس آنے والے 1500 زائرین اور ان کے اہل خانہ کی فہرستیں مرتب کرلی ہے جس میں ان کے نام ، پتے ، قومی شناختی کارڈ نمبر اور فون نمبرز بھی شامل ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Social Media Auto Publish Powered By : XYZScripts.com