پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا

لاہور(ویب ڈیسک) صدر مملکت اور وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدر مملکت عارف علوی نے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا بھارت نےسلامتی کونسل کی قراردادوں کی براہ راست خلاف ورزی کی، بھارت نے 80 لاکھ کشمیریوں کو اپنی ہی سر زمین پر قیدی بنا رکھا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا آج کا دن کشمیریوں کیلئے اپنی حمایت کی تصدیق کا دن ہے، کشمیریوں کو 6 ماہ سے بھارت کے غیر انسانی لاک ڈاؤن کا سامنا ہے، جمہوریت اور انسانی حقوق سے متعلق بھارتی دعوے بے نقاب ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا بھارت نے 9 لاکھ فوج کے ذریعے کشمیریوں کو اُن کی سر زمین پر قیدی بنا دیا، پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا رہے گا، دنیا خطے کے امن و سلامتی کو خطرات سے بچانے کیلئے کردار ادا کرے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر کہا ہم دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑ نے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، کشمیریوں کے لیے ہماری غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی، پائیدار امن ابھی تک ایک خواہش سے زیادہ کچھ نہیں، بھارتی افواج صرف کنٹرول لائن پر جان بوجھ کر سول آبادی کو جارحیت کا نشانہ بناتی ہے، آج ہمارے فوجی جوانوں اور شہریوں کی لازوال قربانیاں جدوجہد کشمیر کو زندہ رکھے ہوئے ہیں، پاکستان فوج اپنے فرائض کی انجام دہی میں بہت مستعد ہے، ہرقسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے اپنے پیغام میں کہا سات دہائیوں سے یو این قراردادوں کے برعکس کشمیری بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں، مسلح افواج مشکل کی اس گھڑی میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہیں۔ ائر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا یقین دلاتے ہیں کہ ہم ہر مشکل میں ان کے ساتھ رہیں گے۔ چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ہم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Social Media Auto Publish Powered By : XYZScripts.com