وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے کوکا کولا کے پاکستان و افغانستان کے نائب صدر فہد اشرف کی ملاقات،37 وینٹی لیٹرز کا عطیہ دیا

لاہور12دسمبر:  وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے کوکا کولا کمپنی کے پاکستان و افغانستان ریجن کے نائب صدر و جنرل مینجر فہد اشرف نے ملاقات کی۔ کوکا کولا کمپنی کے پاکستان و افغانستان ریجن کے ہیڈ آف ایکسٹرنل افیئرز ڈاکٹر فیصل ہاشمی،صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال اور پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب بھی اس موقع پر موجود تھے۔ فہد اشرف نے کوکا کولا کمپنی کی جانب سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو 37 وینٹی لیٹرز کا عطیہ دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے وینٹی لیٹرز عطیہ کرنے پر کوکا کولا کمپنی اور فہد اشرف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کوکا کولا کمپنی کا مشکل کی گھڑی میں کورونا مریضوں کے لئے وینٹی لیٹرز عطیہ کرنا قابل تحسین ہے۔ یہ وقت کورونا متاثرین کے ساتھ کھڑا ہونے کا ہے اور دکھی انسانیت کی مدد کرکے ہی مٹی کا قرض اتار سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے دوران کوکا کولا اور دیگر اداروں کا سماجی ذمہ داری نبھانے کا رویہ لائق تعریف ہے اور کٹھن وقت میں دکھی انسانیت کا ہاتھ تھامنا عبادت سے کم نہیں۔ عطیات ہمارے معاشرے کی انفرادیت ہے اور دکھی انسانیت کیلئے عطیات دینے والوں کا جذبہ قابل تقلید ہے۔سب کو کورونا کاپھیلاؤ روکنے کیلئے اپنا مثبت اورفعال کردارادا کرنا چاہیئے۔ وینٹی لیٹرز مختلف ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے علاج کیلئے استعمال ہوں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت کورونا مریضوں کے علاج معالجے کے لئے ممکنہ وسائل فراہم کررہی ہے۔ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے عوام اورنجی اداروں کو اپنابھرپور تعاون جاری رکھنا ہوگا۔ کورونا ایس او پیز عوام کی زندگیوں کی حفاظت کیلئے ہیں اور ایس او پیز پر عملدر آمد کرنے میں ہی تحفظ ہے۔ کوکا کولا کمپنی کے پاکستان و افغانستان ریجن کے نائب صدر و جنرل مینجر فہد اشرف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وباء سے معیشت اور شعبہ صحت پر دباؤبڑھا ہے۔ کورونا سے نمٹنے کیلئے حکومت کے بروقت اقدامات قابل تعریف ہیں۔ہماری کمپنی سماجی ذمہ داریوں کو نبھانے میں آئندہ بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے غیر معمولی حالات میں حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Social Media Auto Publish Powered By : XYZScripts.com