وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا سر گنگا رام ہسپتال میں تعمیر ہونے والے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کا دورہ،منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا

لاہور12دسمبر:  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج سر گنگا رام ہسپتال میں تعمیر ہونے والے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کا دورہ کیا اور منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے منصوبے پر مجموعی طور پر تقریباً 7 ارب روپے لاگت آئے گی۔ہسپتال کی عمارت کی تعمیر کیلئے 4 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ  3 ارب روپے کی لاگت سے طبی آلات اور مشینری خریدی جائے گی۔ ماں اور بچے کی صحت کے لئے مخصوص سٹیٹ آف دی آرٹ یہ ہسپتال 600بستروں پر مشتمل ہو گا۔ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بننے سے 910 بستروں پر مشتمل گنگا رام ہسپتال کے بیڈز کی تعداد 1510 ہو جائے گی۔ ہسپتال میں خواتین کے پیچیدہ امراض کے علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی اور یہ منصوبہ ماں اور بچے کی صحت کے لئے ایک انقلابی حیثیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال کا کریڈٹ تحریک انصاف کی عوام دوست حکومت کو جاتا ہے جس کی ترجیح ہمیشہ شعبہ صحت رہاہے۔ صحت مند معاشرہ کی بنیاد ماں اور بچے کا صحت مند ہونا ہے۔ ہم صرف کام، کام اور کام پر یقین رکھتے ہیں اور صرف باتیں نہیں عملی اقدامات کرتے ہیں جس کی مثال مدر اینڈچائلڈ ہسپتال کا منصوبہ ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ  لاہور کے ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔گنگارام ہسپتال میں مدراینڈ چائلڈ ہسپتال پر کام تیزی سے جاری ہے اور ہم اس منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل کو پہنچانے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہو ر میں 28سال کے بعد پہلا جنرل ہسپتال بنانے کا اعزاز بھی پاکستان تحریک انصاف کو حاصل ہوگا اور یہ ہسپتال 9ارب روپے کی لاگت سے 124کنال اراضی پر تعمیر کیا جائے گا۔ ہم ترقیاتی منصوبوں کو نہ صرف بروقت مکمل کرائیں گے بلکہ ان منصوبوں میں شفافیت بھی یقینی بنائی جائے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کی تعمیر پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کی عمارت 10 منزلہ ہوگی۔2 بیسمنٹ اور 8 فلور ہوں گے۔ ہسپتال کی تعمیر کیلئے فنڈز کی کمی نہیں آنے دیں گے۔ آج بھی ہسپتال کی تعمیر کیلئے فنڈز جاری کئے ہیں۔ہسپتال کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے اور میں نے ہدایت کی ہے کہ تعمیراتی کام کو مزید تیز کیا جائے۔ تعمیراتی کام کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔یہ سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنے گا اور ہسپتال میں گائنی کی سٹیٹ آف دی آرٹ علاج معالجے کی سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔ایسی طبی سہولتیں پاکستان کے کسی ہسپتال میں نہیں ہوں گی۔ میڈیا کے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پی ڈی ایم کے جلسے کے حوالے سے تھریٹ الرٹس موجود ہیں۔ کورونا کی صورتحال بھی تشویشناک ہے اور 24 گھنٹے میں 36 افراد کی اموات ہوئی ہیں۔ ایسی صورتحال میں عوام کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنا کسی بھی صورت مناسب نہیں اور نہ ہی اس کی اجازت دی جاسکتی ہے۔جو بھی کام ہوگا قانون کے مطابق ہوگا۔سب سے درخواست ہے کہ ایسے کام نہ کریں اور عوام کی زندگیوں سے نہ کھیلیں۔ایسے ایشوز کو بیٹھ کر بھی ڈسکس کیا جا سکتا ہے۔ قانون کے مطابق چلیں گے اور حکومت ہر اقدام قانون کے دائرہ کار میں اٹھائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اتحادیوں سے کسی قسم کا اختلاف نہیں، سب آن بورڈ ہیں۔ کورونا کی صورتحال میں دنیا میں کسی بھی جگہ جلسے جلوس نہیں ہو رہے اور جب دنیا میں جلسے جلوس نہیں ہو رہے تو یہ لوگ کیوں کر رہے ہیں۔جلسے جلوسوں کی ضرورت کیا ہے، کون سی ایمرجنسی آ گئی ہے؟ ہمیں ایسے کاموں سے اجتناب کرنا چاہیئے اور قانون کو کسی بھی صورت ہاتھ میں نہیں لینا چاہیئے۔ حکومت جلسے کے حوالے سے اپنی قانونی کارروائی پوری کرے گی۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نرسنگ کے شعبے کیلئے 4 سالہ پروگرام کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔ نرسنگ کے شعبہ کی پاکستان اور بیرون ملک بہت زیادہ مانگ ہے۔نرسوں کا جلد کنونشن بلایا جائے گا۔نرسوں کے پروموشن اور سروس سٹرکچر کے مسائل حل کریں گے۔نرسوں کیلئے سروس سٹرکچر اور پروموشن رولز بنا رہے ہیں۔معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Social Media Auto Publish Powered By : XYZScripts.com