گلوکارعاصم اظہر نے مداحوں سے معافی مانگ لی

لاہور(ویب ڈیسک) گلوکارعاصم اظہرنے پاکستان سپرلیگ کے پانچویں ایڈیشن کے آفیشل گانے’’تیار ہیں‘‘ کو شائقین کی امیدوں پر پورا نہ اترنے اور لوگوں کی جانب سے گانا پسند نہ کیے جانے پر معافی مانگ لی۔

چند روز قبل پی ایس ایل 5 کا آفیشل گانا ’’تیار ہیں‘‘ ریلیز کیا گیا جسے گلوکارعلی عظمت، عارف لوہار، ہارون رشید اورعاصم اظہر نے مل کر گایا ہےتاہم گانے کی ریلیز کے بعد بہت سے لوگوں کی امیدیں مایوسی میں بدل گئیں کیونکہ گزشتہ سیزن کی طرح اس بار بھی پی ایس ایل کا نیا گانا لوگوں کی توقعات پر پورا نہیں اترا۔ سوشل میڈیا پر مایوس مداحوں کی جانب سے گانے اور پی سی بی پر شدید تنقید کاسلسلہ جاری ہے اور لوگ شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہہ رہےہیں کہ یہ گانا سن کر ان کا وقت ضائع ہوگیا۔ سوشل میڈیا پر تنقید اس حد تک بڑھ گئی کہ گلوکار عاصم اظہر نے شائقین کی توقعات پر پورا نہ اترنے پر معافی مانگ لی۔عاصم اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کرکٹ کے ایک پاگل پرستار کے طور پرمیں سمجھ سکتا ہوں کہ کر کٹ اور پی ایس ایل پاکستانیوں کے لیے کتنا اہم ہے۔ لہٰذا میں ان تمام مداحوں سے معذرت خواہ ہوں جن کی امیدوں پر میں پورا نہیں اتر سکا۔ میں جانتا ہوں آپ لوگ سال کے اس وقت کے لیے کتنا انتظار کرتے ہیں لیکن ہم سب نے اچھی نیت کے ساتھ، اپنے ملک اور کرکٹ کی محبت میں بہترین اور کچھ مختلف کرنے کی پوری کوشش کی۔ اور وہ تمام لوگ جنہیں گانا پسند آیا میں آپ کی محبتوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتاہوں اور میں ایک بار پھر ان تمام لوگوں سے معافی مانگنا چاہتاہوں جو گانا سن کر مایوس ہوئے۔ بھروسہ کریں کرکٹ کا مداح ہونے کے ناطے میں اسے سمجھ سکتا ہوں۔

عاصم اظہر نے مزید لکھا میں اپنے تمام پاکستانیوں سے کہنا چاہتا ہوں پی ایس ایل کا ترانہ کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ یقینی طورپر آپ سب کو حق ہے اسے پسند یا ناپسند کرنے کا لیکن سمجھنے کی کوشش کریں ہم نے یہ ایک ہی مقصد کے لیے کیا ہے کرکٹ اورپی ایس ایل کی بہتری کے لیے اور سب سے ضروری بات اپنے پاکستان کے لیے۔ پی ایس ایل کے سارے ترانے ہمارے ہیں اگر بدقسمتی سے ایک آپ کو پسند نہیں آیا تو آپ کے پاس لطف لینے کے لیے دوسرے ترانے بھی ہیں۔عاصم اظہرنے گانے پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے لکھا براہ کرم صرف تنقید تک ہی رہیں، ذاتی تبصرے کرنا، کسی کوذلیل کرنا اور چند لائکس کے لیے یہ کہنا کہ کسی کو مرجانا چاہیے صحیح نہیں ہے۔ میمز کے بارے میں بات نہیں کروں گا کیونکہ میمزبہت مزے کی ہیں۔

واضح ہے کہ پی ایس ایل 5 کا گانا سننے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کو علی ظفر کی یاد ستانے لگی تھی اور لوگوں کا کہنا تھا کہ اس بار علی ظفر کو گانا گانا چاہیے تھا۔ یاد رہے کہ علی ظفر نے پی ایس ایل کے ابتدائی 3 سیزن کے گانے گائے تھے جنہیں بے تحاشہ مقبولیت ملی تھی۔ علی ظفر نے گزشتہ روز گانے پر تنقید کرنے والوں کو کہا تھا کہ جتنا پیارآپ نے مجھے دیا اسی طرح آپ دوسرے فنکاروں کی کوششوں کو بھی سراہیں پی ایس ایل پاکستان سے ہے اور ہماری موسیقی بھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Social Media Auto Publish Powered By : XYZScripts.com