وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس،کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان اور اعلیٰ عسکری حکام کی شرکت

لاہور7دسمبر: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں ایپکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک،ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید اور اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک، انسپکٹر جنرل پولیس انعام غنی، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، اعلیٰ افسران اور طبی ماہرین بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کئے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے مربوط انداز میں موثر اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا اور عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے بھرپور مشترکہ کاوشوں کے عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صورتحال یہی رہی تو مزید سخت اقدامات کرنا پڑیں گے اور  انسانی زندگیوں کے تحفظ کیلئے عسکری و سول قیادت مل کر کاوشیں جاری رکھے گی اور ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے علاج معالجے کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ ماسک پہننے کی پابندی پر دفاتر اور عوامی مقامات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا اور کوروناایس او پیز کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔اجلاس میں مارکیٹوں، بازاروں اور عوامی مقامات پر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانہ کی تجویز پر غور کیا گیا۔اجلاس میں مارکیٹوں اور بازاروں کی بندش کے اوقات پر انتظامی اقدامات کے ذریعے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ معاشی سرگرمیوں کو بند کئے بغیر کورونا ایس او پیز کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گا۔اجلاس میں  سمارٹ لاک ڈاؤن اور مائیکرو لاک ڈاؤن والے علاقوں میں آمد و رفت کو مزید محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے حکومتی اقدامات پر من و عن عملدرآمد کرایا جائے گا۔ کورکمانڈ لاہورلیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کی جانب سے کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر پر قابو پانے کیلئے مشترکہ کاوشوں کو مزید موثر بنائیں گے۔عوام کی زندگیوں کا تحفظ سب سے زیادہ عزیز ہے۔کورونا کی دوسری لہر پر قابو پانا قومی چیلنج ہے، انسانی زندگیوں کے تحفظ کیلئے سول حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران مریضوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔کورونا کی اس لہر کو احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر عمل کرکے پسپا کرنا چاہتے ہیں۔ مزدور طبقے کے معاشی مسائل کو مدنظر رکھے ہوئے ضروری پابندیاں لگائی گئی ہیں۔ ہسپتالوں میں کورونا مریضو ں کے علاج کیلئے ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے پر توجہ دے رہے ہیں۔ کورونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے عوام کا تعاون بے حد ضروری ہے۔ ٹیچنگ ہسپتالوں میں ایچ ڈی یوز اور ایکسپو سینٹر میں فیلڈ ہسپتال کو بھی از سر نو فعال کیا ہے۔ محکمہ صحت کو ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کئے ہیں۔ ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر ہر صورت عملدرآمد کرائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور ایپکس کمیٹی کے شرکاء نے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کی پیشہ ورانہ خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے کورونا وباء اور دیگر چیلنجز کے دوران بھرپور تعاون کیا جس پر ان کے شکرگزار ہیں اور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے نیک تمناؤں پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور اجلاس کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ نے اجلاس کے شرکاء کو کورونا کی دوسری لہر کا پھیلاؤ روکنے کے لئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں کورونا کی موجودہ صورتحال جون 2020 کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ پنجاب حکومت نے ہسپتالوں میں آکسیجن کے بیڈز، وینٹی لیٹرز اور دیگر ضروری سہولتوں میں اضافہ کیا ہے اور 207 نئے وینٹی لیٹرز کا اضافہ کیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Social Media Auto Publish Powered By : XYZScripts.com