پاسورڈ کو ہیکرز سے محفوظ رکھنے کیلئے گوگل کروم کا نیا فیچر

لاہور(ویب ڈیسک) مقبول سرچ انجن گوگل نے کروم براؤزر میں صارفین کے پاسورڈ کی حفاظت اور ان کا ڈیٹا ہیکرز سے بچانے کے لیے نئے اور اہم فیچر کے اضافے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق : امسال اکتوبر میں گوگل نے کروم صارفین کے پاسورڈ کی حفاظت کے لیے پاسورڈ منیجر ایپ کی شکل میں ایک ویب پیج متعارف کرایا تھا جس کے ذریعے یہ معلوم کیا جا سکتا تھا کہ ان کے تمام سیو پاسورڈز گوگل کروم میں کس حد تک محفوظ ہیں اور انہیں ہیکنگ کا سامنا تو نہیں ہوا۔ اب گوگل نے کروم صارفین کے پاسورڈ اور ڈیٹا کی خاص حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے مذکورہ ویب پیج کو بطور فیچر شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ گوگل کے مطابق کروم میں ایک نیا فیچر شامل کیا جا رہا ہے جو پاسورڈ یا ڈیٹا ہیک ہونے کی صورت میں صارفین کو فوراً خبردار کر دے گا۔ یعنی جب کروم صارفین پاسورڈ لاگ اِن کریں گے تو براؤزر کی جانب سے مطلع کر دیا جائے گا کہ صارف کا پاسورڈ اُن کا ڈیٹا ہیک کرنے کے نتیجے میں کوئی استعمال کر چکا ہے۔
کروم صارفین کو نئے فیچر کے تحت یہ بھی بتا دیا جائے گا کہ ان کا ہیک ہونے والا پاسورڈ کتنی مختلف سائٹس پر استعمال کیا جا رہا ہے، ساتھ ہی پاسورڈ تبدیل کرنے کا آپشن بھی مہیا کیا جائے گا۔ یعنی اس فیچر کی مدد سے سہولت ہو گی کہ کروم صارفین کو کسی اگلی ونڈو پر جاکر اپنے خفیہ کوڈ کی حفاظت سے متعلق جاننا نہیں پڑے گا بلکہ اسی وقت انہیں ڈیٹا اور پاسورڈ کی حفاظت کے حوالے سے ہدایت فراہم کی جائے گی۔ گوگل کا کہنا ہے کہ نیا فیچر گوگل سیف براؤزر ڈیٹا بیس پر بنایا جائے گا جو پہلے سے 30 فیصد زیادہ مؤثر طور پر صارفین کے پاسورڈز اور ان کی معلومات محفوظ رکھے گا۔ گوگل کروم کا نیا حفاظتی فیچر آئندہ ہفتے متعارف کرایا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Social Media Auto Publish Powered By : XYZScripts.com