محمد عباس کو دیکھ کر گلین میک گرا کی یاد آتی ہے

لاہور(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس نے پاکستانی پیسر محمد عباس کو سمارٹ باؤلر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ درست جگہ پر گیندیں کرتے ہوئے بخوبی جانتا ہے کہ اسے کیا کرنا ہے اور اسے باؤلنگ کرتے دیکھ کر انہیں گلین میک گرا کی یاد آجاتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق :بریڈمین فاؤنڈیشن کی جانب سے اعزاز کے حصول کیلئے سجائی جانے والی تقریب میں وقار یونس کا کہنا تھا کہ ماضی میں آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں باؤلنگ کرتے ہوئے محمد عباس بھرپور فارم میں تھا لیکن وہ وکٹیں یکسر مختلف تھیں لہٰذا امید ہے کہ وہ خود کو ماحول سے جلد ہی ہم آہنگ کر لے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے دانت میں تکلیف کے سبب اسے آسٹریلیا اے کیخلاف تین روزہ میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا لیکن اب اس سے دو روزہ میچ میں بہترین کارکردگی کی توقع ہے۔وقار یونس کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے باؤلرز کو وہی ہدایات دی ہیں جو کہ وہ عام طور پر دیتے ہیں کہ کامیابی خود نہیں ملتی بلکہ جان مارنی پڑتی ہے لہٰذا وہ پوری محنت کے ساتھ باؤلنگ کریں اور اپنی فٹنس کا خیال بھی رکھیں کیونکہ یہ بھی ایک انتہائی ضروری پہلو ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان جونیئر نے ٹور میچ میں پانچ وکٹیں لے کر خود کو پہلے ٹیسٹ کا مضبوط امیدوار بنا لیا ہے تاہم ان کے پاس محمد موسیٰ اور نسیم شاہ جیسے نوجوان پیسرز کے ساتھ لیگ سپنر یاسر شاہ بھی موجود ہیں جن کی جانب سے اچھے کم بیک کی توقع ہے جو گزشتہ بار آسٹریلیا کے دورے میں بہت اچھی کارکردگی پیش نہیں کر سکے تھے۔ وقار یونس کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ سیریز کا فاتح بن کر وطن لوٹنا چاہتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Social Media Auto Publish Powered By : XYZScripts.com