قومی وسائل کو من پسند علاقوں پر خرچ کر کے عوام کیساتھ ظلم کیا گیا:عثمان بزدار

لاہور28دسمبر:  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ ماضی کی حکومتوں نے عوامی ترجیحات کو نظرانداز کر کے ذاتی پسند پرمنصوبے شروع کئے۔ قومی وسائل کو من پسند علاقوں پر خرچ کر کے عوام کے ساتھ ظلم کیا گیا۔ سابق حکمرانوں کی غیر متوازن پالیسی کے باعث پسماندہ علاقے ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گئے تھے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے یکساں ترقی کی پالیسی پر عمل کیا ہے اور پنجاب کے نظر انداز کئے گئے علاقوں میں پہلی بار ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  عوام کی بنیادی ضرورتوں کو مد نظر رکھ کر منصوبے ترتیب دیئے گئے ہیں اور آج ترقی کا سفر ان دور دراز علاقوں تک پہنچ رہا ہے جہاں سوچا بھی نہیں جا سکتا۔ چکوال میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز علاقے کی تقدیر بدل دے گا۔ سابق ادوار میں چکوال کو بری طرح نظر انداز کیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پہلی بار چکوال کے عوام کو ان کا حق دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا ایجنڈا صرف عوام کی خدمت ہے اور عوام کی ترقی و خوشحالی کے روڈ میپ پر تیزی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔کھوکھلے نعرے لگانے والے قصہ پارینہ بن چکے ہیں۔ہم نعروں پرنہیں عمل پر یقین رکھتے ہیں۔ ماضی کی لوٹ مار کا دور واپس نہیں آئے گا۔ سابق حکمران آج وہی کاٹ رہے ہیں جو انہوں نے بویا تھا۔ 22 کروڑ عوام ملک کی ترقی کا راستہ روکنے والوں کا کبھی ساتھ نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک پائیدار ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ان حالات میں انتشار کی سیاست ترقی کے سفر کو روکنے کی کوشش ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں پاکستان کو آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Social Media Auto Publish Powered By : XYZScripts.com